دینہ میں جی ٹی روڈ کی خوبصورتی میں اضافہ اور عوام کی سہولت کے لیے شہریوں نے مین چوک میں پودے اور عوام کے بیٹھنے کے لیے خوبصورت بنچ نصب کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
دینہ مین چوک البلال ہوٹل کے سامنے کار پارکنگ اور موٹرسائیکل پارکنگ اسٹینڈ ختم ہونے کے بعد اس جگہ کو خالی کر دیا گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ جگہ عوامی سہولت کے لیے بہترین ثابت ہو سکتی ہے۔ اس لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس اور اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ خالی جگہ پر خوبصورت بنچ اور سروس روڈ کے ساتھ سایہ دار پودے لگائے جائیں تاکہ شہریوں کو بیٹھنے کی سہولت میسر ہو اور شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہو۔
شہریوں نے کہا کہ دینہ شہر میں عوام کے بیٹھنے کے لیے کوئی مناسب جگہ موجود نہیں ہے، اگر مین چوک کو خوبصورت بنایا جائے تو نہ صرف عوام کو سہولت ملے گی بلکہ شہر کا نقشہ بھی تبدیل ہو جائے گا۔ شہریوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے شہر کو خوبصورت بنانے کے ویژن کے مطابق ان کا مطالبہ جلد پورا کیا جائے گا۔


