دینہ جی ٹی روڈ پر ٹریفک کا خوفناک حادثہ، تیز رفتار لوڈر مزدہ نے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کو کچل ڈالا ، 48سالہ خاتون جاں بحق جبکہ اس کا شوہر زخمی ہو گیا، مزدہ ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر موقع سے فرار، پولیس سٹی چوکی دینہ نے مزدہ اپنے قبضہ میں لے کر کارروائی شروع کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق دینہ گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول جی ٹی روڈ کے سامنے ٹریفک کا خوفناک حادثہ پیش آیا۔ دینہ کے علاقہ بوڑا جنگل کے رہائشی چوہدری عنصر علی جو کہ اپنی بیوی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر گھر واپس جا رہے تھے کہ اچانک تیز رفتار مزدہ لوڈر نمبری GTI-206 نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی۔
مزدہ لوڈر دونوں میاں بیوی کو دور تک گھسیٹتے ہوئے لے گیا اور 48سالہ خاتون کی دونوں ٹانگوں کے اوپر سے گزر گیا، حادثہ میں دونوں میاں بیوی شدید زخمی ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور شدید زخمی خاتون اور اس کے شوہر کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال منتقل کیا مگر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 48سالہ خاتون دم توڑ گئی۔
حادثے کے بعد مزدہ ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جبکہ پولیس سٹی چوکی دینہ نے مزدہ گاڑی کو قبضہ میں لے کر کارروائی شروع کر دی ۔


