گریٹر مانچسٹر/ بولٹن: نہتے اور مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیل کی جانب سے ڈھائے جانے والے تاریخ کے بدترین مظالم کے خلاف اسٹاپ دی وار کے زیراہتمام برطانیہ کے سب سے بڑے ٹاؤن بولٹن میں احتجاجی ریلی نکالی گئی جو بولٹن کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی ٹاؤن ہال کے وکٹوریہ اسکوئر پہنچی، جہاں سیکڑوں لوگ پہلے سے ریلی کے منتظر تھے۔
ریلی اجتماع کی شکل اختیار کرگئی۔ ریلی میں بچے، بوڑھے اور نوجوانوں کے علاوہ خواتین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ ریلی میں فلسطینی پرچم کے علاوہ لوگوں نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر فری فلسطین کے نعرے درج تھے۔ سردی اور بارش کے باوجود ر یلی کے شرکا تقریباً2گھنٹے تک احتجاج کرتے رہے۔ ریلی میں لوگوں نے بلاامتیاز رنگ و نسل کےشرکت کی ۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے برطانیہ کے معروف عالم دین علامہ مفتی نصیر اللہ نقشبندی نے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج فلسطینی مسلمانوں پر جس طرح سے عرصہ حیات تنگ کیا جارہا ہے ان کے پاس نہ پانی، نہ خوراک اور نہ ہی ادویات موجود ہیں، یہ صورتحال کسی بڑے انسانی المیہ کی جانب اشارہ کرتی ہے۔
انہوں نے کہا اقوام متحدہ، او آئی سی اور بین الاقوامی برادری نے اگر اپنا کردار ادا نہ کیا تو پوری دنیا اس جنگ کی لپیٹ میں آسکتی ہے۔
جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما راجہ محمد عارف نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان عوام اور اسلامی ریاستوں کو اس صورتحال پر خاموش تماشائی بننے کے بجائے اسرائیل کی کھلی جارحیت کو روکنا چاہئے ، عالمی برادری اسرائیل کے جرائم کو جس طرح سے نظر انداز کررہی ہے اس پر انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کیلئے بنائی گئی غیر مناسب عالمی پالیسی مایوسی اور شدت پسندی کو ہوادےرہی ہے، اس کا پوری مسلم امہ کو نوٹس لینا چاہئے۔
نوجوان مقرر احمد سلیم نے فلسطین کی صورتحال کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کو بڑا دہشت گرد قرار دیا اور کہا کہ فلسطین انسانی سانحے کے دہانے پر پہنچ چکا ہے جس پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو چاہئے کہ وہ فلسطین پر اسرائیلی حملوں کو بند کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
اسٹاپ دی وار کے رکن جان مارٹن نے کہا کہ فلسطین کے نہتے اور مظلوم عوام پر اسرائیل کا حملہ ملکی دہشت گردی اور انسایت پر حملہ ہے جس پر او آئی سمیت دیگر فورم کو بھی اس جارحیت کو رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔
اسٹاپ دی وار کی خاتون رکن کترینہ نے کہا کہ فلسطین میں جو کچھ ہورہا ہے وہ نہ صرف دہشت گردی ہے بلکہ انسانی جانوں کا ضیاع ہے، ایسی صورتحال پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے، ریلی سے مسعود احمد اور صوفیہ امین نے بھی خطاب کیا۔