پنڈدادنخان کے مشہور قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا، عدالت نے ایک مجرم کو سزائے موت اور تین مجرمان کو عمر قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں عدالت نے قتل کے مقدمہ نمبر 234/24 بجرم 302/34 تھانہ پنڈدادنخان کا فیصلہ سنا دیا۔ مرکزی مجرم متعین کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت اور 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
عدالت نے دیگر مجرمان محمد مبشر، ریاست اور علی رضا کو عمر قید کی سزا سناتے ہوئے فی کس 5 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا۔
واضح رہے کہ مجرمان کو سال 2024 میں قتل کے سنگین جرم میں گرفتار کیا گیا تھا۔ جہلم پولیس نے جدید سائنٹفک طریقۂ کار استعمال کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا اور ٹھوس شواہد کے ساتھ مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کیا۔ پولیس کی موثر پیروی کے نتیجے میں عدالت نے مجرمان کو قرار واقعی سزا سنائی۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم نے کہا کہ سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے پولیس کی انوسٹیگیشن اور لیگل ٹیموں کو شاندار کارکردگی پر شاباش، تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔


