جہلم: حکومت پنجاب نے تمام اقسام کی جائیداد مکانات کوٹھیاں پلاٹس اور زرعی اراضی کی رجسٹریشن کا مینوئل رجسٹری نظام ختم کر کے نیا آن لائن رجسٹری نظام لاگو کر دیا ہے، پیر سے تمام پراپرٹی رجسٹرار مینوئل سسٹم ختم کر کے آن لائن (ای۔ رجسٹریشن) کے تحت پراپرٹیز کی رجسٹریشن کریں گے۔
ہفتہ 13 جنوری شام تک آخری روز مینوئل نظام کے تحت پراپرٹی کی رجسٹریاں کی گئیں تھیں، تمام پراپرٹی رجسٹرار کے دفاتر میں ای سسٹم لاگو کر دیا گیا ہے ،تمام رجسٹرار دفاتر میں، جدید ترین کمپیوٹرز معہ نیٹ فراہم کر دیئے گئے ہیں۔
محکمہ ریونیو کا موقف ہے کہ نئے رجسٹریشن نظام سے کرپشن اور رشوت کا خاتمہ ممکن ہوگا اور عوام کو ریلیف ملے گا شہری گھر بیٹھے تمام پراپرٹیز تفصیلات خود آن لائن رجسٹرڈ کرسکیں گے ، دیہاتی تمام ایریاز کی رجسٹریاں آن لائن ہوں گی۔
آن لائن رجسٹری کے لئے رجسٹری پیپرز اس وقت تک فائنل او کے اپ لوڈ نہیں ہوں گے جب تک تمام ٹیکسز ڈیوٹیز اشٹام پیپرز فیس مکمل جمع نہیں ہوگی۔ تمام ڈیوٹیز ٹیکسز جمع ہونے کے بعد چالان فارم نمبرز انٹر کرنے سے رجسٹری پیج اپ لوڈ ہو گا وگرنہ نہیں ہوگا آن لائن رجسٹریشن فیسوں ٹیکسوں کے بعد خریدار اور فروخت کنندہ دونوں رجسٹرار کے پاس پیش ہوں گے۔
رجسٹرار پراپرٹی آن لائن کمپیوٹرائزڈ کوڈ سے مزکورہ پیج اوپن کر کے دونوں کے دستخط ویڈیو بنائے گا اور اوکے کر دے گا، جس کے بعد رجسٹری مکمل ہونے کے ساتھ ہی ڈاؤن لوڈ بھی ہو سکے گی اس بابت محکمہ ریونیو نے خصوصی ایپ بھی متعارف کروادی ہے اس ایپ کی مدد سے یہ آن لائن رجسٹریاں ہوں گی۔


