سوہاوہ: بڑاگواہ سے لبانہ ہیل براستہ مٹھین جانے والی سڑک کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگی، حالیہ بارشوں سے پھگواڑی کے مقام پر سڑک کا حصہ بہہ گیا جس سے آمدورفت معطل ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
تقریباً سات کلو میٹر طویل سڑک کئی سال سے تعمیر نہ ہونے کے باعث گڑھوں اور شگافوں سے بھری پڑی ہے۔ مسافر منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنے پر مجبور ہیں جبکہ شدید بیمار مریضوں کو ہسپتال پہنچانا کسی بڑے امتحان سے کم نہیں۔ اسکول جانے والے بچے بھی وقت پر نہ پہنچنے کے باعث آئے روز سزا بھگتنے پر مجبور ہیں۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ پچھلی حکومت میں علاقے بھر کی دیگر سڑکیں تعمیر کی گئیں مگر یہ اہم سڑک نظرانداز کر دی گئی۔ موجودہ حکومت کے نمائندوں نے بھی جلسوں میں وعدے تو کیے مگر عملی طور پر کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔ حالیہ بارشوں نے صورتحال مزید خراب کر دی ہے، پھگواڑی اور لبانہ ہیل کے قریب بڑے بڑے شگاف پڑنے سے حادثات کا بھی خطرہ بڑھ گیا ہے۔
ٹرانسپورٹرز اور مقامی مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، ایم این اے چوہدری فرخ الطاف اور ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی وے حکام ہنگامی بنیادوں پر شگاف پر کر کے آمدورفت بحال کریں تاکہ عوام مزید مشکلات سے بچ سکیں۔


