جہلم: تھانہ سول لائنز پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرم متین ارشد کو گرفتار کر لیا۔ مجرم سے آلہ قتل، 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن برآمد کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مجرم نے گزشتہ سال ذیشان حیدر نامی شہری کو ذاتی دشمنی کی بنیاد پر قتل کر دیا تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہو گیا تھا۔ پولیس نے انسانی وسائل اور جدید سائنسی طریقہ کار کا استعمال کرتے ہوئے مجرم کی تلاش جاری رکھی اور آخرکار کامیابی حاصل کی۔
ایس ایچ او تھانہ سول لائنز نے کہا کہ مجرم کی گرفتاری پولیس کی مسلسل محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا نتیجہ ہے۔ عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔
شہریوں نے پولیس کی اس کامیاب کارروائی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ پولیس مستقبل میں بھی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھے گی۔


