جہلم: ضلع بھر میں کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر قبضہ مافیا کے ڈیرے، متعلقہ حکام نے خاموشی اختیار کر لی۔
تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں کروڑوں روپے مالیت کی قیمتی سرکاری اراضی جو کہ سینکڑوں ایکٹر پر مشتمل ہے عرصہ دراز سے قبضہ مافیا نے متعلقہ محکموں کے افسران و عملہ کی مبینہ ملی بھگت سے قبضے کر رکھے ہیں جبکہ بعض افراد نے محکمہ مال کے پٹواریوں کے ساتھ مک مکا کے بعد سرکاری اراضی اپنے ناموں پر انتقال کروا رکھی ہیں۔
محکمہ مال ، محکمہ ریلوے، محکمہ اوقاف،حکومت پنجاب سمیت دیگر اداروں کے افسران واہلکاروں کی ملی بھگت سے غیر قانونی طریقے سے با اثر افراد نے کروڑوں روپے مالیتی اراضی پر قبضے کررکھے ہیں ، جہاں پختہ مکانات ، کوٹھیاں، مارکیٹیں وغیرہ تعمیر کئے جاچکے ہیں۔
دریں اثناء یہ بھی معلوم ہواہے کہ قبضہ مافیا کم مالیت کے رقبہ کے فرد بیع حاصل کرکے لیز پر حاصل کرنے کے بعد ہاؤسنگ کالونیوں کے مالکان کے ہاتھوں فروخت کرکے بھاری رقم بٹور لیتے ہیں۔
شہریوں نے چیف جسٹس آف پاکستان ، نگران وزیر اعظم پاکستان ،نگران وزیر اعلیٰ پنجاب اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر میں سینکڑوں ایکٹر سرکاری اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرواکے نیلام کی جائے اور حاصل رقم سرکاری خزانے میں جمع کروائی جائے۔


