دینہ پریس کلب کے ہنگامی اجلاس میں صحافیوں کے ساتھ مبینہ گالی گلوچ، غنڈہ گردی اور ناروا سلوک کو آزادیٔ صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی گئی۔
اجلاس زیر صدارت صدر دینہ پریس کلب سید توقیر آصف شاہ منعقد ہوا، جس میں نیو میٹرو سٹی سرائے عالمگیر کی انتظامیہ اور سیکیورٹی انچارج کی جانب سے ایڈیٹر انچیف روزنامہ جذبہ راحیل خلیل اور ان کے ساتھیوں کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک اور بدتمیزی کے واقعہ پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ صحافیوں کو حق اور سچ کی آواز بلند کرنے سے روکنے کی ہر کوشش ناقابلِ برداشت ہے اور آزادیٔ صحافت پر کسی قسم کا حملہ ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔
شرکاء نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے، لہٰذا صحافیوں کے ساتھ بدسلوکی دراصل آزادی اظہار اور جمہوری اقدار پر حملہ ہے۔
اجلاس میں سرپرست اعلیٰ امجد محمود سٹھی، چیئرمین خورشید ڈار، وائس چیئرپرسن فوزیہ بوستان، صدر سید توقیر آصف شاہ، سینئر نائب صدر عرفان محبوب، نائب صدر سہیل انجم قریشی، جنرل سیکرٹری عادل چوہدری، جوائنٹ سیکرٹری احمد ندیم، فنانس سیکرٹری سید میر، انفارمیشن سیکرٹری ظہیر عباس، رضوان سیٹھی، سونیا انور، اظہر چوہدری، ڈاکٹر ظہیر احمد بٹ سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس کے اختتام پر ڈی پی او گجرات سے مطالبہ کیا گیا کہ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنے فرائض انجام دے سکیں۔


