ایمسٹر ڈیم: پاکستان کی آئی ٹی کمپنیوں نے ایمسٹرڈیم میں منعقداے آئی اینڈ بگِ ڈیٹاایکسپو یورپ میں شرکت کی۔
نمائش کنندگان نے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (PSEB) اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے قائم کردہ پویلین ’’ٹیک ڈیسٹی نیشن پاکستان‘‘ کے تحت اپنی خدمات پیش کیں۔ سفیرپاکستان سلجوق مستنصر تارڑ نے نمائش کا دورہ کیا اور پاکستانی نمائش کنندگان سے ملاقات کی۔
ABACUS Consulting کی سی ای او فاطمہ اسد سعید نے پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں مواقع پر پریزنٹیشن دی، انہوں نے پاکستان کو ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ کے طور پر پیش کیا جو نہ صرف آئی ٹی سروسزکیلئے بلکہ سرمایہ کاری کیلئے ایک انتہائی سازگار مارکیٹ کے طور پر بھرپورمواقع فراہم کرتا ہے۔
سفیر سلجوق نے آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان سے پیشہ ورانہ مہارت اور ٹیلنٹ کو فروغ دینے کیلئے پاکستانی نمائش کنندگان کی کوششوں کو سراہا۔
سفارت خانہ پاکستان نےنمائش میں شریک پاکستانی آئی ٹی کمپنیز کے نمائندگان کیلئے ایک تقریب کا اہتمام کیاجس میں ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے آئی ٹی پروفیشنلز، ماہر ینِ تعلیم اور بین الاقوامی کمپنیوں میں کام کرنے والے پیشہ ور افراد نے شرکت کی۔
سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے آئی ٹی خدمات کی برآمدات کو فروغ دینے کیلئے سفارت خانہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہالینڈ میں PSEB،TDAP اور پاکستانی آئی ٹی پروفیشنلز کے تعاون سے ویبینار اور دیگرتقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس نمائش میں پاکستان کی شرکت پاکستان کے آئی ٹی خدمات کے شعبے کی نمائش کیلئے سفارت خانہ کے کاروباری منصوبے کا حصہ تھی۔ سفارت خانے نے ہالینڈز میں ملازمت کے مواقع کے حوالے سے پاکستانی پیشہ ور افراد کی آگاہی کیلئے ویبینار کا ایک سلسلہ بھی شروع کیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ دو سال میں پاکستان سےہالینڈز کو کو آئی ٹی خدمات کی برآمدات 9 اعشاریہ 8 ملین امریکی ڈالرز سے بڑھ کر 23 ملین امریکن ڈالرز تک بڑھ گئی ہیں۔ ڈچ کمپنیوں میں ملازمت پانے والے آئی ٹی پیشہ افراد کی تعداد میں اضافہ کی صورت میں یہ کوششیں رنگ لائی ہیں۔ سفارت خانہ نے مئی 2023 میں آئی ٹی کمپنیوں کے وفد کے دورے کا اہتمام بھی کیا تھا۔ دورہ کرنے والے مندوبین نے پاکستان کے سرمایہ کاری کے ماحول کے بارے میں اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔
شرجیل توصیف، سی ای او SeQuenX جو وفد کا حصہ تھے نے کہا کہ سفارت خانہ کے ذریعے ان کے پاکستان کے دورے کے بعدSeQuenX نے اسلام آباد میں ایک سافٹ ویئر بزنس ڈویلپمنٹ سینٹر کھولا ہے۔ یہ ان کے ہالینڈ ز اور پاکستان کے درمیان سافٹ ویئر ٹیکنالوجی کوریڈور قائم کرنے کے وژن کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کو مزید مستحکم کرنے کیلئے SeQuenX نے Global COMSATS کے ساتھ ایک یاداشت پر بھی دستخط کئے ہیں۔ پاکستانی نمائش کنندگان سفارت خانے کی جانب سے کیے گئے انتظامات سے انتہائی مطمئن اور آئی ٹی خدمات کی برآمدات میں اضافے کے لیے پرامید بھی تھے۔
ABACUS Consultingکی سی ای او محترمہ فاطمہ اسد سعید نے اس نمائش میں شرکت کے حکومت پاکستان کے فیصلے کے ساتھ ساتھ شرکاء کو بہترین سہولیات فراہم کرنے اور ڈچ کمپنیوں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے سفارت خا نہ کی کوششوں کو سراہا۔
رائل سائبر کےمحمد مصطفیٰ نے کہا کہ ہالینڈ کے ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں بہت زیادہ مواقع موجود ہیں اور پاکستانی ماہرین ڈچ کمپنیوں کی ضروریات کو مناسب طریقے سے پورا کر سکتی ہیں۔
سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے کہا کہ حکومت پاکستان نے حال ہی میں اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) تشکیل دی ہے جس نے آئی ٹی کو سرمایہ کاری کیلئے ترجیحی شعبوں میں شامل کیا ہے۔ انہوں نے PSEB اور TDAP کی کاوشوں کو سراہا اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ڈچ کاروباری اداروں کو پاکستان میں مواقع تلاش کرنے کی ترغیب دی۔