دینہ: اہلیانِ چھنی گجراں اور گردونواح کے علاقوں کے لیے خوشخبری، الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
یہ میڈیکل کیمپ شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ امیر عبدالقدیر اعوان کی زیرِ نگرانی بروز جمعہ 10 اپریل 2026 کو منعقد ہوگا۔ کیمپ کا انعقاد رہائش گاہ چوہدری سجاد نزد جنازہ گاہ چھنی گجراں بمقابل مدو کالس منگلا روڈ تحصیل دینہ ضلع جہلم میں کیا جائے گا۔
میڈیکل کیمپ میں سہ پہر 3 بجے سے مریضوں کا مفت چیک اپ کیا جائے گا جبکہ مستحق افراد کو مفت ادویات بھی فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر میڈیکل اسپیشلسٹ اور چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم مریضوں کا تفصیلی معائنہ کرے گی۔
انتظامیہ کے مطابق الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان، سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کی ذیلی تنظیم ہے، جو عرصہ دراز سے ملک بھر میں فلاحی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ اس فاؤنڈیشن کی نگرانی حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی خود فرما رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس فری میڈیکل کیمپ سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنے مریضوں کو مقررہ وقت پر معائنے کے لیے لے کر آئیں۔


