جہلم: حکومت کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن ، ضلع جہلم سے 98 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق غیرقانونی طور پر مقیم تارکین وطن کی رضاکارانہ واپسی کی ڈیڈ لائن ختم ہوتے ہی اُن کے خلاف ملک بھر کی طرح ضلع جہلم میں کریک ڈاؤن شروع ہوگیا ہے۔
جہلم میں پولیس نے ضلع بھر میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 98 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، گرفتار افراد میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
کارروائیاں دینہ، پنڈدادنخان، جلالپورشریف،للِہ اور جہلم شہر کے علاقوں میں کی گئیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق جہلم کے سرکاری کالج میں قائم کئے گئے انخلاء کیمپ میں 78افراد کو رکھا گیا ہے۔ انخلاء کیمپ میں 30مرد، 18عورتیں اور 30 بچوں کو منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دینہ، جہلم، پنڈدادنخان، للِہ اور جلالپورشریف سے گرفتار ہونے والے افغانیوں کو آج جہلم کے انخلاء کیمپ منتقل کیا جائے گا۔ تمام ضروری کارروائی کے بعد تارکین وطن کو افغانستان روانہ کرنے کے لئے پشاور بھیجا جائے گا۔
ضلع جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں اس وقت بھی ہزاروں افغان باشندے موجود ہیں جن کے پاس غیر قانونی طریقے سے بنوائے گئے پاکستانی شناختی کارڈ موجود ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انکے خلاف کاروائی کرنے سے گریزاں ہیں