جہلم: پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے 10 سالہ بچے کے ساتھ نازیبا حرکات کے مقدمہ میں مطلوب ایک اشتہاری مجرم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں ایس ایچ او تھانہ صدر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا، جو سال 2025 سے پولیس کو مطلوب تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہو گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم کو جدید سائنٹیفک طریقۂ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹریس کیا گیا اور کامیاب کارروائی کے بعد گرفتار کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ اشتہاری مجرمان کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اور قانون سے فرار اختیار کرنے والوں کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا۔


