لندن: اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا لندن پہنچ گئے۔
انہوں نے یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہےکہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے پاکستان میں ترقی کے دروازے کھل گئے ہیں اور پاکستان کی بھاگ دوڑ مضبوط ہاتھوں میں ہے۔میں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ہمارے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے کلیدی کردار کو سراہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ آپ پاکستان میں اپنے گھروں سے ہزاروں میل دور ہیں لیکن آپ اس ملک کا ایک ایسا حصہ ہیں جس کی اہمیت کبھی ماند نہیں پڑ سکتی۔ مجھ سمیت پوری قوم کو آپ کی محنت اور کامیابیوں پر فخر ہے اور ہم آپ کو پاکستان کے حقیقی سفیر مانتے ہیں کیونکہ آپ جہاں کہیں بھی ہوں دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت تاثر قائم کرنے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔
سید قمر رضا نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان کی لازوال قربانیاں، فرض کی ادائیگی کیلیے سچی لگن اور وطن کی حفاظت کیلیے ہر قسم کی قربانی دینے کا جذبہ انتہائی احترام اور تعریف کے مستحق ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ اوورسیز پاکستانی ایک پلیٹ فارمُ پر متحد ہوں اور اپنے ملک کے لیے بڑھ چڑھ کر کرداراداکریں اسی میں ہم سب کی بہتری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ چند روز لندن میں قیام کے دوران اوورسیز کے مسائل سنیں گے اگر کسی کو کسی قسم کا مسئلہ درپیش ہو تو آگاہ کریں ان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے اور اپنی رقومُ پاکستان بھیجنے کا وقت ہے جس سے پاکستان ترقی کرے گا اور ملک میں خوشحالی آئے گی ۔


