فواد چوہدری نے کہا کہ پنڈدادنخان کی ترقی کا سفر جہاں چھوڑا گیا تھا وہیں سے شروع کریں گے، للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے منصوبے کے فنڈز کے اجراء کے لئے صوبائی اور وفاقی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے منصوبے کی بر وقت تکمیل بارے تحصیل پنڈ دادنخان کے عمائدین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حلقہ کا قد حلقے کے نمائندے ہی بڑھاتا ہے، میرے حریف سیاسی بونے ہیں اور ان کا کوئی قد کاٹھ نہیں۔ انہوں نے تو ای او بی آئی اور پاسپورٹ کے دفاتر بھی ختم کرا دیئے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ اگر میں اس کے لئے کردار ادا نہ کرتاتو انہوں نے ڈیول کیرج وے کے لئے اربوں کے فنڈز کیا لینے ہیں وہ تو ٹراما سینٹر کے لئے درکار 20 کروڑ روپیہ بھی مختص نہیں کروا سکے اور ان کی نالائقی کی وجہ سے کندوال واٹر سپلائی سکیم کے فنڈز اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہو کر واپس صوبائی حکومت پنجاب کو چلے گئے ہیں اور دیگر کئی واٹر سپلائی سکیموں کے مختص فنڈز صوبائی حکومت پنجاب کو واپس چلے گئے ہیں۔
چوہدری فواد حسین نے تحصیل پنڈ دادنخان کے عمائدین کے وفد جس میں ممتاز مزدور رہنما چوہدری امتیاز ، کاروباری شخصیت چوہدری محمد علی پنن وال ،راجہ غلام حسنین اور ممتاز سماجی و علمی شخصیت چوہدری محمد اقبال کھوتھی شامل تھے کو علاقہ پنڈ دادنخان کی ترقی کے لئے بھر پور آواز بلند کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی اور گیم چینجر منصوبہ ڈیول کیرج وے کے لئے آخری حد تک جانے کا عہد کیا گیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ چوہدری فیصل فرید ایڈووکیٹ اور چوہدری فراز حسین بھی موجود تھے۔