جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم و کنٹرولر سول ڈیفنس میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر سول ڈیفنس آفیسر جہلم محمد بوٹا نے ٹھٹی گجراں کے قریب واقع پومی بیگ اینڈ برادر ایل پی جی گیس ایجنسی پر اچانک چھاپہ مارا اور قواعد کی سنگین خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی۔
دورانِ انسپکشن یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ ایل پی جی گیس ایجنسی کا پرمٹ لائسنس عرصہ دراز سے ایکسپائر ہو چکا تھا، اس کے باوجود مالکان غیر قانونی طور پر گیس سلنڈرز کی فروخت جاری رکھے ہوئے تھے، جو عوامی تحفظ کے قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے اور انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر سول ڈیفنس ٹیم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ایکسپائر لائسنس پر کاروبار کرنے کی پاداش میں ایجنسی کو موقع پر سیل کر دیا، جبکہ قانون کے مطابق مالکان پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا تاکہ آئندہ ایسی خلاف ورزیوں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے واضح کیا کہ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈال کر غیر قانونی کاروبار کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں بغیر پرمٹ کام کرنے والی ایل پی جی گیس ایجنسیوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے، تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔


