جہلم: ضلع جہلم میں شہری کو قتل کرنے کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے معزز عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم کو سزائے موت اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق عدالت نے مقدمہ نمبر 82/25 بجرم دفعہ 302، تھانہ سول لائنز کا فیصلہ سنایا۔ مقدمے کے مطابق مجرم محمد ولید نے سال 2025 میں قتل کے جرم کا ارتکاب کیا تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد جہلم پولیس نے جدید سائنسی طریقۂ کار بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کیا، مکمل شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کیا اور مقدمے کی مؤثر پیروی کی، جس کے نتیجے میں معزز عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم محمد ولید کو سزائے موت اور 5 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔
ترجمان جہلم پولیس کا کہنا ہے کہ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلانا جہلم پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن اور مؤثر قانونی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔


