دیار غیر سے وطن واپس آنے والے دینہ کے رہائشی کو گوجرخان کے قریب جی ٹی روڈ پر لوٹ لیا گیا، پولیس وردی میں ملبوس ڈاکو سعودیہ پلٹ شخص سے ہزاروں ریال چھین کر فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق دینہ کے رہائشی شجاع احمد نے پولیس تھانہ گوجرخان کو تحریری درخواست دیتے ہوئے بتایا کہ وہ محمدگلتاسب اورکیری ڈبہ کے ڈرائیور قیصر حسین کے ہمراہ ناصرمحمود جوکہ سعودی عرب میں ہوتا ہے اس کو لے کر اسلا آباد ایئرپورٹ سے جہلم کی طرف آرہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ جب گوجرخان کراس کیا تو ایک سلور رنگ کی ایک کرولا کار پیچھے سے آئی اور ہوٹر بجا کر رکنے کا اشارہ کیا ہم نے گاڑی سائیڈ پر روکی اور نیچے اتر آئے کرولا کار سے ڈرائیور اور پولیس کی پرانی وردی پہنے ایک شخص آیا، پولیس کی وردی پہنے شخص نے کہا کہ ایئرپورٹ سے کال آئی ہے آپ کے ساتھ کوئی مشکوک آدمی ہے اور اس نے تلاشی لینے شروع کر دی۔
اس نے ناصر محمود کی جیب چیک کی تو ناصر محمود نے کہا کہ اس میں پیسے ہیں، اس نے کہا کہ جیب میں جو کچھ ہے باہر نکالو، جیسے ہی ناصر نے پیسے نکالے اس نے پیسے چھین لیے جو کہ چوبیس ہزار ریال تھے۔ سعودی ریال چھیننے کے بعد وہ جہلم کی طرف گاڑی بھگا کر لے گئے، ہم نے پیچھا کیا مگر وہ تیزی سے گاڑی بھگا کر فرار ہو گئے۔