جہلم: موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم نے ریسکیو 1122 اسٹیشن کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے ادارے کی مجموعی کارکردگی، فرضی مشقوں، کنٹرول روم، اور ایمرجنسی رسپانس کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کا مقصد ریسکیو ادارے کی استعداد کار کو جانچنا اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریوں کو بہتر بنانا تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الرحمٰن نے بھی ریسکیو اسٹیشن کا دورہ کیا اور اسٹاف سے ملاقات کے دوران آلات، گاڑیوں اور کنٹرول روم کا معائنہ کیا۔
ریسکیو 1122 جہلم کی جانب سے موجودہ حالات کے تناظر میں مختلف اسکولوں اور ڈسٹرکٹ جیل میں آگاہی سیمینارز اور تربیتی سیشنز بھی منعقد کیے گئے۔ ان اسکولوں میں گورنمنٹ اسلامیہ ہائی اسکول، تبلیغ الاسلام ہائی اسکول، الطاف حسین ہائی اسکول، اور جامع ہائی اسکول شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے ریسکیو ٹیم کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 ہر ممکن صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہے اور عوام کو بروقت اور مؤثر خدمات فراہم کرے۔


