لندن: استحکام پاکستان پارٹی کو برطانیہ اور یورپ میں منظم کر کے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کئے جائیں گے تا کہ ملک میں زر مبادلہ کی ترسیل میں اضافہ ہو۔
ان خیالات کا اظہار استحکام پاکستان پارٹی برطانیہ کے نامزد صدر اور یورپ کے چیف آرگنائزر چوہدری شفقت ریاض نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں پر قبضوں سمیت انہیں متعدد مسائل کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انصاف کے نام پر کیا ہوتا رہا ہے یہ سب جانتے ہیں جب کہ ہمارے قومی اداروں کی بے توقیری کی جتی رہی ہے لیکن اب ہماری جماعت یا کوئی بھی محب وطن پاکستانی ایسا کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کو برطانیہ سمیت یورپ میں منظم کرکے تنظیم سازی کی جائی گی۔ شفقت گوندل کا کہنا تھا کہ ان کے قائد جہانگیر ترین نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیاہے وہ اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے تاکہ وطن عزیر کی ترقی میں اوورسیز پاکستانی اپنا کردار ادا کر سکیں۔
واضح رہے کہ برطانوی سماجی اور کاروباری شخصیت شفقت ریاض گوندل نے گزشتہ دنوں پارٹی قائد جہانگیر ترین سے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ شفقت ریاض گوندل 1993میں دوسال کےلئے مسلم لیگ جونیجو کے گجرات میں صدر رہ چکے ہیں اور وہ 1997میں برطانیہ منتقل ہو گئے جہاں وہ کچھ عرصہ قانون کے شعبے سے بھی وابستہ رہے۔


