مانچسٹر: فرینڈز آف وہاڑی یوکے، کے صدر حافظ محمد عبداللہ نے پاکستان سے آئے وہاڑی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کے اعزاز میں مانچسٹر کے مقامی ریسٹورنٹ میں ظہرانہ دیا۔
وفد میں وہاڑی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر محمد غضنفر علی، شوکت طور اور ملک عمران اسلم اعوان شامل تھے۔ یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام صدر اشتیاق احمد نے بھی خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر نصر اقبال چوہدری، فخر اقبال چوہدری ، ملک ذوالفقار اور جعفر حسین بھی موجود تھے جنہوں نے مہمانوں کا پر تپاک استقبال کیا اور مانچسٹر آنے پر انہیں خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فرینڈز آف وھاڑی یوکے کے صدر حافظ محمد عبداللہ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے دیرینہ اور گہرے معاشی اور تجارتی تعلقات ہیں اس طرح کے وفود کے تبادلے سے ان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔
یو کے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام صدر اشتیاق احمد نے بتایا کہ ان کی دعوت پر وہاڑی ساہیوال، اٹک اور رحیم یار خان کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے برطانیہ کا دورہ کیا ہے ،پاکستان اور برطانیہ کی پہلی مشترکہ چیمبرز کانفرنس میں شرکت کی ہے۔ وفود کے اس تبادلے سے پاکستان کی برآمدات میں اضافے کیلئے دور رس اثرات مرتب ہوں گےاور باہمی تجارت کے نئے امکانات تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ یوکے پی سی سی آئی وہاڑی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے ساتھ اپنے روابط کو مزید مضبوط بنائے گا۔
وہاڑی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر محمد غضنفر علی نے کہا کہ پاکستان کے مختلف چیمبرز کا برطانیہ کا دورہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے یوکے پاک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ذمہ داران کو کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور شاندار مہمان نوازی پر اپنے میزبانوں کا شکریہ ادا کیا۔
فخر اقبال چوہدری نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کی برآمدات کی ایک بڑی منڈی ہے اور ان وفود کی آمد سے باہمی تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ یوکے، کے سی ای او نصر اقبال چوہدری نے کہا کہ پاک، برطانیہ دو طرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات میں مزید اضافے کی گنجائش موجودہے۔ زراعت اور ٹیکسٹائل کے علاوہ دیگر شعبوں جیسے انفارمیشن ٹیکنالوجی وغیرہ میں بھی پاکستان کی خدمات سے فائدہ اٹھایا جاسکتاہے۔ اس طرح کے وفود کے تبادلے سے پاکستان کے کاروباری افراد اور صنعت کاروں کو برطانیہ کی مارکیٹ تک رسائی میں مدد مل سکتی ہے۔
انہوں نے اس دورے کو خوش آئند قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی یو کے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، پاکستان کے مختلف چیمبرز کے ساتھ مل کر پاکستان اور برطانیہ کے باہمی تجارتی، معاشی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کیلئے کام کرتا رہے گا۔