جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جہلم سنیہ صافی نے انجمن تاجران اور مختلف بازاروں کے دکانداروں کے نمائندوں کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کا مقصد تاجر برادری کو درپیش مسائل سننا، ان کے حل کے لیے عملی اقدامات طے کرنا اور شہر کے بازاروں میں انتظامی امور کو مزید بہتر بنانا تھا۔
اجلاس کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے تاجر نمائندوں کے مطالبات اور شکایات توجہ سے سنیں اور اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ ضلعی انتظامیہ تاجر برادری کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں اور انتظامیہ کے باہمی تعاون سے ہی شہر میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے اجلاس میں بازاروں میں صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور صحت مند ماحول کے لیے دکانداروں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کے بہتر انتظامات سے نہ صرف خریداروں کو سہولت ملے گی بلکہ بازاروں کی مجموعی ساکھ میں بھی اضافہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کے خاتمے، ٹریفک کی روانی میں بہتری اور گراں فروشی کی روک تھام انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہ پر آویزاں کیے جائیں اور اشیاء خوردونوش سمیت دیگر سامان مقررہ قیمتوں پر ہی فروخت کیا جائے۔
سنیہ صافی نے خبردار کیا کہ ناجائز منافع خوری یا سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس کے اختتام پر تاجر برادری کے نمائندوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر اطمینان کا اظہار کیا اور شہر کی بہتری، صفائی، نظم و ضبط اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔ تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ باہمی رابطے اور تعاون سے ہی شہر میں مثبت تبدیلی ممکن ہے، جس کا فائدہ براہِ راست عوام اور کاروباری طبقے دونوں کو ہوگا۔


