جہلم: پولیس نے دہشت گردی، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی فول پروف سیکیورٹی کیلئے ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیاں کیں۔
پولیس کے مطابق ضلع بھر میں 14 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 369 افراد، 130 گھروں اور 8 بس اسٹینڈز و ہوٹلز کو چیک کیا گیا۔
سرچ آپریشن کے دوران تھانہ کالا گجراں کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزم اور ایک شراب سپلائر کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 10 لیٹر شراب اور 30 بور پسٹل بمعہ ایمونیشن برآمد کر لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشنز کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی، امن و امان کا قیام اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
جہلم پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم افراد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔
پولیس کے مطابق بروقت اطلاع نہ صرف کسی بڑے جرم کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے بلکہ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
شہریوں سے کہا گیا ہے کہ اگر ان کے علم میں کوئی ایسا شخص آئے جو بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔


