چیف ایگزیکٹیو اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) ڈاکٹر محمد امجد خان نے کہا ہے کہ بجلی واجبات کی بروقت وصولی اہم ترین ذمی داری ہے اور بجلی صرف ان صارفین کو ملے گی جو بروقت بل ادا کریں گے۔ آئیسکو کی اسلام آباد ، راولپنڈی ، اٹک، جہلم ، چکوال میں نادہندگان کے خلاف بجلی واجبات کی وصولی کے لئے بھرپور مہم جاری ہے ۔
ترجمان آئیسکوراجہ عاصم نذیر نے گزشتہ روز تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ بجلی نادہندگان سے واجبات کی وصولی کے لئے آئیسکو ریکوری ٹیمیں مکمل متحرک ہیں اور ستمبر سے جاری کریک ڈاؤن کے دوران مجموعی طور پر 32 ہزار سے زائد نادہندگان سے 56 کروڑ 20 لاکھ واجبات وصول کیے جا چکے ہیں ۔
ترجمان نے بتایا کہ 22 ہزار 618 رننگ ڈیفالٹرز سے 26 کروڑ 60 لاکھ کی ریکوری کی گئی جبکہ 9 ہزار 961 ڈیڈ ڈیفالٹرز سے 29 کروڑ 60 لاکھ واجبات وصول کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی بل اور واجبات ادا نہ کرنے والے صارفین کے میٹرز اور ٹرانسفارمرز اتار لئے گئے۔
ترجمان نے کہا کہ آپریشن کے دوران ڈیٹیکشن اور ریکوری ٹیموں کو پولیس کا مکمل تعاون حاصل ہے، صارفین بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور میڑز کٹنے کی زحمت سے بچیں اور بجلی کے بلوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں۔
ترجمان آئیسکو نے کہا کہ آپریشن کے دوران ڈیٹیکشن اور ریکوری ٹیموں کوحکومت پاکستان وزارت توانائی ، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کا مکمل تعاون حاصل ہے۔آئیسکو بل ادا نہ کرنے والے صارفین کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔