جہلم: مون سون کی بارشوں کے بعد شہر کے گلی محلوں ، سڑکوں ، چوک چوراہوں میں جگہ جگہ کھڑا گندہ پانی مچھروں ، مکھیوں کی افزائش میں اضافے کا باعث بننے لگا۔ شہریوں کاایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق مون سون کی بارشوں کے باعث جہلم شہر اور گردونواح کے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے کے باعث جوہڑوں کی شکل اختیار کر چکا ہے جس کے باعث مچھروں، مکھیوں، کیڑے مکوڑوں کی بڑے پیمانے پر افزائش کا خدشہ لاحق ہوگیا ہے جس سے شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے اور لوگ عام مچھر کودیکھ کر بھی ’’ڈینگی ‘‘سمجھتے ہوئے خوف میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔
عوامی، سماجی، مذہبی حلقوں سمیت شہری اوررفاعی تنظیموں کے عمائدین نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے نوٹس لینے اور بارشی پانی کی نکاسی کے لئے موثر اقدمات کرنے کا مطالبہ کیاہے۔


