جہلم: جشن آزادی 14 اگست کی آمد آمد، جہلم شہر سمیت ضلع بھر کے بازاروں ، گلی محلوں میں جشن آزادی کے حوالے سے سامان فروخت کرنے والے دکانداروں نے عارضی سٹالز سجا لئے ، جھنڈے ، جھنڈیوں، بیجز، برقی قمقموں ، کپڑوں سمیت باجوں کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں 14 اگست یوم جشن آزادی کے موقع پر بازاروں ، سڑکوں کے دونوں اطراف سمیت گلی محلوں میں دکانداروں نے عارضی اسٹالز لگالئے ،جہاں ، جھنڈے ، جھنڈیوں، بیجز، برقی قمقموں ، بچوں کے ملبوسات سمیت باجوں کی فروخت کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔
بچوں سمیت نوجوان نسل ان باجوں کو خرید گلی محلوں میں اونچی آواز میں بجاتے ،شرارتیں کرتے دکھائی دیتے ہیں، جس کی وجہ گھروں میں موجود معصوم بچے، بزرگ اور بیمار افراد خاصے پریشان اور ذہنی تناؤ کا شکار ہو جاتے ہیں۔
شہری تنظیموں کے عمائدین کا اس حوالے سے کہناہے کہ انتظامیہ سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چاہیے کہ14 اگست کے موقع پر باجوں اور ہارن کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے، سڑکوں، گلی محلوں میں ہارن اور باجے بجانے پر دفعہ 144 کا نفاذ کیا جائے۔
تنظیموں کے عمائدین کا مزید کہنا ہے کہ جشن آزادی کا سامان فروخت کرنے والے دکانداروں کو بھی باجوں کی فروخت پر سختی سے پابندی عائد کروائی جائے خلاف ورزی پر سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے اور سٹالز پر موجود ہارن اور باجے قبضے میں لیے جائیں تاکہ شہری جشن آزادی مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منا سکیں۔


