جہلم: سیلون اور حمام ہیپاٹائٹس اور جلد کی موذی امراض بانٹنے لگے، متعلقہ ادارے خاموش تماشائی ہیں۔
ضلع کے شہری اور دیہی علاقوں میں قائم حماموں اور سیلونز پر صفائی کے انتظامات کسی صورت بھی تسلی بخش دکھائی نہیں دیتے، مذکورہ حماموں اور سیلونز پر حجام کا کارروبار کرنے والے افراد ایک ہی بلیڈ سے کئی افراد کی شیو ووغیرہ کر ڈالتے ہیں اور تولئے اس قدر میل سے بھرے ہوئے ہوتے ہیں کہ جن کو چہرے کے قریب کرنا کسی عذاب سے کم نہیں۔
صفائی کے ناقص انتظامات اور غیر معیاری اوزاروں کیوجہ سے متعدد شہری ہیپاٹائٹس اور الرجی جیسی موذی امراض کا شکار ہوچکے ہیں ، محکمہ صحت کے ذمہ داران کی جانب سے موذی امراض سے محفوظ رہنے کے لئے سیلون سے شیو اور فشل وغیرہ کروانے کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے کا واویلا تو کیا جاتاہے مگر انسانی زندگیوں سے بلا خوف و خطر کھیلنے والوں کے خلاف کسی ذمہ دار کا حرکت میں نہ آنا متعلقہ محکمہ کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔
ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں میں ہیپاٹائٹس جیسے جان لیوا امراض میں مبتلا افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ حیران کن ہے اور مریضوں میں زیادہ تر ایسے افراد بھی شامل ہیں جو کہ یقینا سیلونز پر استعمال ہونے والے استرے اور تولیوں کا شکار ہوتے ہیں۔
شہری، سماجی، رفاعی، فلاحی، مذہبی تنظیموں کے عمائدین سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوںنے ڈپٹی کمشنر ،سی ای او ہیلتھ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔


