جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے چوہدری فرحت کمال ایڈووکیٹ کے ہمراہ ریسکیو 1122 اسٹیشن جہلم کا دورہ کیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122جہلم انجینئر سعید احمد نےان کا استقبال کیا۔ دورے کا بنیادی مقصد ریسکیو 1122 جہلم کی استعداد کار کو جانچنا اور دستیاب وسائلِ کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔
دورے کے دوران انہوں نے ریسکیو 1122 جہلم کے کنٹرول روم کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ مزید انہوں نے ریسکیو سٹاف سے ملاقات کی اور ایمرجنسی آلات اور گاڑیوں کی کارکردگی کا معائنہ کیا اور پودا بھی لگایا۔
چوہدری فرحت کمال ایڈووکیٹ کی جانب سے ریسکیو 1122 جہلم کو ایمبولینس آلات عطیہ کئے گئے۔ ریسکیو 1122 جہلم کی جانب سے چوہدری فرحت کمال کو اعزازی سرٹیفکیٹ بھی دیا گیا۔
اس موقع پر اعلی کارکردگی کے حامل ریسکیو سٹاف کو ڈپٹی کمشنر جہلم کی جانب سے اعزازی سرٹیفکیٹ دیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے اپنے خیالات کا ا ظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 جہلم کی ٹیم احسن طریقے سے خدمات سر انجام دے رہی ہے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال میں بہترین طریقے سے لوگوں کو سروسز فراہم کرنے کےلئے تیار ہیں ۔


