پنڈدادنخان: دار العلوم محمدیہ رضویہ کے زیر اہتمام 50سالہ گولڈن جوبلی ختم نبوت ﷺ کانفرنس کا پروقار انعقاد، صدارت سابق وفاقی وزیر مذہبی امور امین الحسنات اور پرنسپل دارلعلوم محمدیہ رضویہ پیر محمد انور قریشی ہاشمی نے کی، کانفرنس میں ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے نجی میرج ہال میں دار العلوم محمدیہ رضویہ کے زیر اہتمام 50 سالہ گولڈن جوبلی ختم نبوت ﷺ کانفرنس کے سلسلے میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں علمائے کرام اور ہزاروں عقیدت مندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کے موقع پر پنڈدادنخان شہر کو برقی قمقموں سے دلہن کی طرح سجایا گیا تھا۔
کانفرنس میں عدلیہ سے آنے والے ختم نبوت ﷺ کے فیصلے پر علمائے کرام کی طرف سے پیش ہونے والے عالم دین مفتی شیر محمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ نے ہمارے حق میں فیصلہ دے کر ملک میں انتشار پھیلنے سے بچا لیا ہے۔
مفتی شیر محمد خان نے کہا کہ سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں سے گزارش کی کہ ختم نبوت کے ساتھ آخری نبی ﷺ لازمی لکھا کریں۔ انہوں نے سابق وفاقی وزیر مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ کی ختم نبوت کیس میں دلیرانہ کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا انور قریشی کا کہنا تھا ختم نبوت کا تحفظ ہر مسلمان پر فرض ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر ملک کی سلامتی کے لیے پیر امین الحسنات شاہ نے خصوصی دعا فرمائی۔


