جہلم: مہر محمد الیاس نے کہا ہے کہ صحافی معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، صحافی معاشرے کی زبان آنکھ اور کان کا کردار ادا کرتے ہیں، صحافی اپنے قلم اور کیمرے کے ذریعے معاشرے کے مسائل کو منظر عام پر لاتے ہیں اور ان کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرتے ہیں۔
صدر جہلم پریس کلب مہر محمد الیاس نے دینہ سے آئے ہوئے میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافی اپنی آواز سے عام لوگوں کی ترجمانی کرتے ہیں اور عام لوگوں کی آواز،ارباب اختیار تک پہنچاتے ہیں وہ عوام کی توقعات اور خواہشات کو موثر انداز سے پیش کرنے کی بھر پور جدوجہد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک صحافی کا کام اتناآسان نہیں ہوتا اسے پورا پورا دن اور پورا پورا ہفتہ ایک ہی کام کے لیے جدوجہد کرناپڑتی ہے، صحافی اپنی جان خطرے میں ڈال کر معاشرے کے ناسوروں کے خلاف آواز بلند کرتا ہے۔ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے اور ایک اچھے صحافی کی پہچان ہی اسکی مثبت صحافت ہوتی ہے، صحافی بنیادی طور پر معاشرے کی آنکھ ہوتا ہے۔ صحافیوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ایک اچھا صحافی حکمرانوں اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے، صحافی معاشرے کی امنگوں کا ترجمان ہوتا ہے۔
مہر الیاس نے کہا کہ جہلم پریس کلب نےہمیشہ مثبت صحافت کو فروغ دیا۔جسکی وجہ سے سرکاری ونجی اداروں میں لوگ صحافیوں کوقدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جوکہ ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ صحافت کے شعبہ سے وابستہ بھائی خبر شائع کرنے سے قبل اچھی طرح تحقیق کریں تاکہ آنے والے کل کو شرمندگی کاسامنا نہ کرنا پڑے۔


