جہلم: اندرون شہرکی اہم سڑکوں، سروس روڈ اور گلی محلوں میں بااثر دکانداروں کا قبضہ، ٹریفک کا جام رہنا معمول بن گیا۔ ایمبولنس، فائر بریگیڈ سمیت طلباء و طالبات کو آمدورفت میں پریشانی کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے وسط شاندار چوک، سول لائن روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ، تحصیل روڈ، کچہری چوک، محمدی چوک، روہتاس روڈ چوک اور جی ٹی روڈ سے ملحقہ سروس روڈ پربااثر دکانداروں کے قبضہ سے شہریوں کو طویل دورانیے تک ٹریفک کا جام رہنا معمول بن کر رہ گیا ہے۔ طلباء و طالبات اور شہریوں کو پیدل گزرنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
تجاوزات کی بڑی وجہ شہر میں پارکنگ کانہ ہوتا ہے، اس کے علاوہ جی ٹی روڈسے ملحقہ سروس روڈ پر قبضہ جما رکھا ہے جس کی وجہ سےخریداری کے لیے آنے والی خواتین کومشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔
جہلم شہر کے بازاروں میں دکاندار اور دکانوں پرکام کرنے والے ملازمین اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں دکانوں کے باہرسڑکوں پر کھڑی کردیتے ہیں جس کی وجہ سے کشادہ سڑکیں تنگ و تاریک گلیوں میں تبدیل ہو جاتی ہیں۔ اولڈ جی ٹی روڈ پر جگہ جگہ یو ٹرن بننے کی وجہ سے حادثات روزانہ کامعمول بن چکے ہیں۔
شہریوں نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جہلم سے نوٹس لینے اور قانون سے کھلواڑ کرنے والے دکانداروں اور انکی سرپرستی کرنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائیاں کرنے کامطالبہ کیاہے۔


