پڑی درویزہ: تین اضلاع کے سنگم پر واقع گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج پیر پھلاہی چکوال داخلہ کے اعتبار سے راولپنڈی ڈویژن میں دوسرے نمبر پر رہا۔ اس شاندار کامیابی پر کالج کے نئے پرنسپل کو صوبائی وزیر تعلیم برائے کالجز پنجاب کی جانب سے حسنِ کارکردگی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ڈویژن کے چار اضلاع: راولپنڈی، جہلم، اٹک اور چکوال میں سرکاری پبلک سیکٹر کالجوں کی کل تعداد 111 ہے۔ تعلیمی سال 2024-25 کے آغاز میں ان کالجوں میں داخلوں کی شرح کے لحاظ سے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کالجز کے سربراہان کو حکومت پنجاب کی جانب سے کارکردگی ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس سلسلے میں راولپنڈی ڈویژن میں تحصیل حسن ابدال کا ایک کالج پہلے نمبر پر جبکہ گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج پیر پھلاہی چکوال دوسرے نمبر پر رہا۔
تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم پنجاب برائے کالجز رانا سکندر زمان نے کالج کے نئے اور محنتی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عزیز الرحمن کو بہترین کارکردگی پر حسنِ کارکردگی ایوارڈ دیا۔ اس موقع پر سیکریٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر فرخ نوید، ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم محمد اعظم اور ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن کالجز ڈاکٹر سید انصار اظہر بھی موجود تھے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر عزیز الرحمن خود اسی کالج کے انٹرمیڈیٹ کے فارغ التحصیل طالب علم ہیں۔ ان کی شاندار کارکردگی اور کالج کی کامیابی پر پورے علاقے میں خوشی و مسرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ کالج ہذا کم از کم چالیس سال قبل سابق رہنما مسلم لیگ (ن) ممبر قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالمجید ملک مرحوم کی کوششوں سے منظور ہوا تھا۔ ابتداء میں اس کا نام گورنمنٹ انٹر سائنس کالج پیر پھلاہی رکھا گیا تھا۔ آج وطن عزیز کے مختلف سرکاری محکموں میں اس کالج کے فارغ التحصیل طلباء بڑی تعداد میں کلیدی عہدوں پر فائز ہیں اور بہترین ملکی خدمات انجام دے رہے ہیں۔


