جہلم: پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث خرم عرف خرمی گینگ کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور رکشہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں ایس ایچ او تھانہ سٹی اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث گینگ کے دو ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دو عدد چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور ایک رکشہ برآمد کیا گیا ہے جبکہ برآمد ہونے والی اشیاء کی مجموعی مالیت تقریباً تین لاکھ پانچ ہزار روپے بتائی جاتی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔


