جہلم: تھانہ سٹی پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے بغیر لائسنس کے ناجائز اسلحہ فروخت کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں ایس ایچ او تھانہ سٹی قمر سلطان اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان محمد کامران اور محمد نعمان کو گرفتار کیا۔ ملزم محمد نعمان کے قبضے سے 17 عدد پسٹل بمعہ ایمونیشن جبکہ ملزم محمد کامران کے قبضے سے 1 عدد 44 بور کلاشنکوف نما رائفل بمعہ ایمونیشن برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان بغیر لائسنس کے ناجائز اسلحہ اپنے پاس رکھ کر فروخت کرنے کی کوشش کر رہے تھے جو کہ ایک سنگین جرم ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ایس ایچ او تھانہ سٹی قمر سلطان نے اس موقع پر کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔


