دینہ: منگلا پولیس کی اہم کارروائی، چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث بدنام زمانہ حنیف گینگ کے دو ملزمان گرفتار، مال مسروقہ، وارداتوں میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں ایس ایچ او تھانہ منگلا کینٹ اور ان کی ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے حنیف گینگ کے دو اہم ملزمان، محمد حنیف اور محمد حسیب کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان متعدد چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تھے، جن کے خلاف مختلف مقدمات درج تھے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 30 ہزار روپے نقدی، چوری شدہ ٹرانسفارمر کوائلز، وارداتوں میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل اور ناجائز اسلحہ بشمول 30 بور پستول معہ ایمونیشن بھی برآمد کر لیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دلوائی جا سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔


