جہلم : نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں ضلع جہلم بھر میں نکالے گئے 9 محرم الحرام کے جلوس بخیر و خوبی اپنی منزلوں پر پہنچ کر اختتام پذیر ہو گئے۔
ضلع بھر میں اس دن کے دوران کل 61 مجالس کا انعقاد اور 22 جلوس برآمد کیے گئے۔ تمام جلوس اپنے مقررہ راستوں پر پرامن انداز میں جاری رہے جبکہ سیکیورٹی ادارے، ضلعی انتظامیہ، اور عزاداروں کے باہمی تعاون سے امن و امان کی فضا قائم رہی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی زیر نگرانی 9 محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔ جلوس اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے ایک ایس پی، 6 ڈی ایس پیز، اور 800 سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں نے فرائض سرانجام دیے۔
ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او جہلم طارق عزیز نے اس موقع پر کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے اور تمام افسران و اہلکار اس مقصد کے حصول کے لیے چوکنا ہیں۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر، منتظمین اور شہریوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ضابطہ اخلاق پر عمل کرتے ہوئے جلوسوں کو پرامن رکھنے میں کردار ادا کیا۔


