جہلم پولیس نے چوری اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث خطرناک گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے "فیازو گینگ” کے چار اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق یہ کارروائی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ کالا گجراں اور ان کی ٹیم نے کی۔ پولیس ٹیم نے موثر حکمت عملی اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا، جو مختلف علاقوں میں چوری اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث تھے۔
گرفتار ملزمان سے تفتیش کے دوران چوری شدہ 2 عدد موٹر سائیکلز اور پانی نکالنے والی موٹر برآمد کی گئی، جس کی مالیت تقریباً 1 لاکھ 20 ہزار روپے ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان سے مزید وارداتوں کے انکشافات کی توقع ہے۔
پولیس ترجمان نے واضح کیا کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوا کر انصاف فراہم کیا جا سکے۔
ڈی پی او جہلم نے کارروائی پر ایس ایچ او اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رہے گا۔


