جہلم کے علاقے بلال ٹاؤن بہاری کالونی میں ایک شاندار فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس نے کھیلوں سے محبت رکھنے والے نوجوانوں کے جذبے کو اجاگر کیا۔ ٹورنامنٹ کی نگرانی فہیم، سنی، رضوان اور ناصر نے کی، جبکہ فائنل میچ اتحاد فٹ بال کلب اور برادر فٹ بال کلب کے درمیان کھیلا گیا۔
ٹورنامنٹ کے مہمانِ خصوصی ضلع جہلم کے معروف صحافی اور صدر ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹس چوہدری مہربان حسین تھے۔ ان کے گراؤنڈ میں پہنچنے پر کھلاڑیوں اور شائقین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ڈھول کی تھاپ پر روایتی بھنگڑے ڈال کر انہیں گراؤنڈ میں لایا گیا۔
تقریب کے آرگنائزر شاہزیب اور عظیم نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا تعارف مہمانِ خصوصی چوہدری مہربان حسین سے کرایا۔ دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے دوران دونوں ٹیموں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا، تاہم میچ کا فیصلہ پینلٹی کک پر ہوا، جس میں برادر فٹ بال کلب نے گول کر کے کامیابی اپنے نام کرلی۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی چوہدری مہربان حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب گراؤنڈ آباد ہوتے ہیں تو اسپتال ویران ہوجاتے ہیں، کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں کو مثبت راستہ دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے تاکہ صحت مند، منظم اور پرامن معاشرہ تشکیل پا سکے۔
اختتامی تقریب میں کامیاب ٹیم کے کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافی بھی تقسیم کی گئی، جبکہ شائقین نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر آرگنائزرز اور کھلاڑیوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔


