پنڈدادنخان: تھانہ للِہ کے علاقہ میں نوبیاہتے جوڑے کے قتل میں مزید پیشرفت، واقعہ میں ملوث مرکزی ملزم گرفتار کر لیا گیا۔
تحصیل پنڈ دادنخان کے نواحی قصبہ للِہ میں 24 سالہ سنیعہ رانی اور 27 سالہ رحمٰن رسول کے قتل میں ملوث چار ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ واقعہ کے بعد ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے فوری موقع کا وزٹ کیا اور ڈی ایس پی پنڈدادنخان کو ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ مرکزی ملزم کی شناخت محمد زعفران کے نام سے ہوئی ہے جبکہ قبل ازیں گرفتار چار ملزمان میں لال خان، محمد اسلم،ذاکرہ بی بی اور رسولاں بی بی شامل ہیں،ملزم سے واقعہ میں استعمال ہونے والا اسلحہ پسٹل 30 بور معہ روند برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ گزشتہ ماہ اکتوبر میں ملزمان نے باہم صلاح مشورہ ہوکر فائرنگ کر کے رحمٰن رسول نامی نوجوان اور سنعیہ رانی نامی لڑکی کو قتل کر دیا تھا۔ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جا رہا ہے۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والے ملزمان کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ ڈی پی او جہلم نے ایس ایچ او تھانہ للِہ اور ٹیم کو شاباش دی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ تحصیل پنڈ دادنخان کے نواحی قصبہ للِہ میں 24 سالہ سنیعہ رانی نے 27 سالہ رحمٰن رسول نامی نوجوان سے پسند کی شادی کی اور دونوں گھروں سے بھاگ گئے جس پر لڑکی کے گھر والوں نے دونوں کو صلح کا پیغام بھجوایا اور جوڑے کو صلح کے بہانے گھر بلایا جہاں دونوں سے تلخ کلامی کی۔
نو بیاہتا جوڑا ڈر کر بھاگ گیا اور مسجد میں پناہ لینے کی کوشش کی تو لڑکی کے اہل خانہ نے مسجد کے احاطے میں فائرنگ کرکے دونوں کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے تھے۔


