پنڈدادنخان: پولیس نے شراب سپلائرز کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں شراب برآمد کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ للِہ اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو شراب سپلائر ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزمان کی تلاشی کے دوران مجموعی طور پر 60 لیٹر شراب برآمد کی، جو مختلف مقامات پر سپلائی کے لیے تیار کی گئی تھی۔ پولیس نے برآمد ہونے والی شراب کو قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ للِہ میں الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شراب فروشی جیسے جرائم معاشرے کے لیے نقصان دہ ہیں اور ان میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ شراب سپلائر ملزمان کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اور ایسے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال اور اخلاقی اقدار کے تحفظ کے لیے پولیس اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔


