جہلم: سسٹینیبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ایس ایس ڈی او) نے ٹرسٹ فار ڈیموکریٹک ایجوکیشن اینڈ اکاؤنٹیبیلیٹی (ٹی ڈی ای اے) کے اشتراک سے ضلع جہلم کے مختلف محکموں کے پبلک انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) کیلئے پنجاب شفافیت و حقِ معلومات ایکٹ کے موثر نفاذ پر تربیتی نشست کا انعقاد کیا۔ اس تربیت کا مقصد ادارہ جاتی شفافیت، بہتر عوامی خدمات اور عوامی اعتماد کو مضبوط کرنا تھا۔
بدھ کو ایس ایس ڈی او سے جاری پریس ریلیز کے مطابق شرکاء کو پبلک انفارمیشن افسران کے کردار، درخواست و جواب کے طریقہ کار، قانونی مدت، اندرونی نظرِ ثانی، استثنیٰ کی شقیں اور عدم تعمیل پر سزاؤں سے متعلق تفصیلی آگاہی دی گئی۔ اس موقع پر پنجاب انفارمیشن کمیشن کے کردار، شکایات کے ازالے کے طریقۂ کار اور شفاف حکمرانی میں اس کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ایس ڈی او سید کوثر عباس کے مطابق ضلعی سطح پر پبلک انفارمیشن افسران (PIOs) کی صلاحیتوں میں اضافہ سرکاری اداروں میں شفافیت اور کھلے پن کی ثقافت کے فروغ کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ معلومات کی پیشگی اور بروقت فراہمی نہ صرف غلط معلومات کے خلاف مضبوط ڈھال ثابت ہوتی ہے بلکہ ذمہ دار صحافت اور عوام کی بامعنی شمولیت کو بھی فروغ دیتی ہے۔
تربیتی نشست کے دوران شرکاء نے عملی مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور معلومات کی فراہمی و استثنیٰ سے متعلق وضاحت حاصل کی۔ ایس ایس ڈی او نے پنجاب بھر میں شفافیت، احتساب اور عوام کے حقِ معلومات کے فروغ کے لیے اپنی صلاحیت سازی کی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔


