دینہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر دینہ کے مین بازار کو خوبصورت اور جدید طرز پر استوار کرنے کے لیے نیسپاک کے انجینئر محمد عاطف نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مین بازار دینہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد بیوٹی فکیشن منصوبے کے تحت آئندہ ترقیاتی کاموں کا جائزہ اور عملی تیاریوں کو حتمی شکل دینا تھا۔
اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ محمد فیصل، ایم او آئی چوہدری سہیل اشرف اور انجینئر محمد عامر بھی موجود تھے۔
چیف آفیسر میونسپل کمیٹی نے نیسپاک کی ٹیم کو مین بازار کی موجودہ صورتحال، مسائل اور ضروریات سے آگاہ کیا، جس کے بعد نیسپاک انجینئر محمد عاطف نے مجوزہ ڈیزائن اور ترقیاتی پلان پر بریفنگ دی۔
نیسپاک انجینئر محمد عاطف نے ہدایت کی کہ آئندہ چند روز میں ہنگامی بنیادوں پر مین بازار دینہ میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا، جن میں الیکٹرک سسٹم کو انڈر گراؤنڈ کرنا، جدید سائن بورڈز کی تنصیب، نئی سٹریٹ لائٹس اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد دینہ کے مین بازار کو باقاعدہ ماڈل بازار کی شکل دی جائے گی۔
اس اقدام سے دینہ کے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ شہریوں نے شہر کی خوبصورتی اور جدید سہولیات کی فراہمی کے اس منصوبے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ منصوبہ دینہ کے تجارتی اور شہری ماحول میں نمایاں بہتری کا باعث بنے گا۔


