جہلم: جماعت اسلامی جہلم کے ضلعی نائب امیر عبدالحمید جہلمی انتقال کر گئے، نمازِ جنازہ میں بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی جہلم کے ضلعی نائب امیر اور متحرک کارکن عبدالحمید جہلمی اچانک حرکتِ قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ آج ان کے آبائی گاؤں کنتریلہ برلبِ جی ٹی روڈ فوجی مل گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔
نمازِ جنازہ میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور کارکنوں، مرحوم کے عزیز و اقارب، اہلِ علاقہ، شہر کی سماجی، رفاہی و فلاحی تنظیموں کے نمائندگان، صحافتی تنظیموں کے عہدیداران اور تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
عبدالحمید جہلمی نے اپنی زندگی جماعت اسلامی کی دعوت، نظریے اور عوامی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ جماعت اسلامی کے لیے ان کی بے لوث، مخلصانہ اور طویل خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہے گا۔
ان کی اچانک وفات پر جماعت اسلامی جہلم کی قیادت اور کارکنان نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے ضلعی امیر ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری نے کہا کہ عبدالحمید جہلمی ایک مخلص، فعال اور نظریاتی ساتھی تھے، جن کی جماعت کے لیے خدمات، اخلاص اور وفاداری کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ عبدالحمید جہلمی کی وفات جماعت اسلامی جہلم کے لیے بڑا نقصان ہے اور ان کی کمی طویل عرصے تک محسوس کی جائے گی۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔
مرحوم کی اچانک وفات پر اہلِ علاقہ، جماعت اسلامی کے کارکنوں اور مختلف سماجی و مذہبی حلقوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا ہے۔


