جہلم: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور یوٹیلٹی بلوں میں آئے روز اضافے نے تاجر طبقے کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا۔ حکومتی ناقص پالیسیوں کے باعث کاروباری طبقہ مسائل کے گرداب میں پھنس چکا ہے۔
تاجروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے فوری طور پر ان کے مسائل کے حل کے لیے ٹھوس حکمت عملی اختیار نہ کی تو کاروباری شعبہ تباہی کے دہانے پر پہنچ سکتا ہے۔
شہر کے تاجروں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روز بروز بڑھتی ہوئی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں نے ٹرانسپورٹ کے کرایوں کو آسمان پر پہنچا دیا ہے جبکہ یوٹیلٹی بلوں اور میونسپل کمیٹی کی دکانوں کے کرایوں میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آڑھتی اپنی مرضی کے نرخوں پر اجناس فروخت کر رہے ہیں لیکن انتظامیہ ان کو کنٹرول کرنے کے بجائے چھوٹے دکانداروں پر دباؤ ڈال رہی ہے۔
تاجروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات اور یوٹیلٹی بلوں میں فوری کمی کی جائے اور چھوٹے دکانداروں کو نشانہ بنانے کی بجائے منڈیوں میں آڑھتیوں کو چیک کیا جائے تاکہ مہنگائی پر قابو پایا جا سکے۔


