پنڈدادنخان: ضلع جہلم کا ایک اور بہادر سپوت دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے مادر وطن پر قربان ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان کے علاقے پنڈی سید پور سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے جوان ملک محمد اسامہ ولد ملک اللہ دتہ چند روز قبل خیبر پختونخوا کے ایک علاقے میں دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں شدید زخمی ہو گئے تھے۔ انہیں فوری طور پر علاج کے لیے سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔
پنڈ دادنخان کے گاؤں پنڈی سید پور کا یہ جری سپوت دوران ڈیوٹی وطن عزیز پر قربان ہو گیا۔ شہید کی عظیم قربانی اس امر کی روشن مثال ہے کہ یہ دھرتی اپنے بہادروں کے لہو سے محفوظ ہے اور قوم اپنے شہداء کی بدولت سربلند ہے۔
شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقے پنڈی سید پور میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
جہلم کے ایک اور جوان نے شدت پسندوں کے خلاف وطن کی حفاظت کرتے ہوئے جان جان آفریں کے سپرد کی، خدا ہمیں توفیق دے کہ ان عظیم جوانوں کی قربانیوں کو قرار واقعی خراج تحسین پیش کر سکیں!#RIPBraveHeart https://t.co/arwiCeGawA
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) January 29, 2026
شہید ملک اسامہ کی شہادت پر سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹویٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ جہلم کے ایک اور جوان نے شدت پسندوں کے خلاف وطن کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی۔ خدا ہمیں توفیق دے کہ ہم ان عظیم جوانوں کی قربانیوں کو قرار واقعی خراجِ تحسین پیش کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم اپنے اس بہادر سپوت کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے اور شہید کے لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا گو ہے۔


