جہلم: چوہدری راشد گھرمالہ نے کہا ہے کہ 23 مارچ محض ایک تاریخی دن نہیں بلکہ عہدِ نو، تجدیدِ وفا اور قومی عزم کی علامت ہے، جو ہمیں اپنے اسلاف کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) تحصیل جہلم کے صدر چوہدری راشد گھرمالہ نے کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے سنہری اصولوں پر کاربند رہنے کا درس دیتا ہے، جو قائداعظم محمد علی جناح کے رہنما اصول تھے اور آج بھی قومی ترقی کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا، اس کی حفاظت، استحکام اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہوں پر گامزن رکھے۔
چوہدری راشد گھرمالہ نے زور دیا کہ ہمیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی اور ملکی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی کیونکہ اسی میں ملک کی بقا اور ترقی مضمر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی بالادستی اور آئین کی پاسداری ہی ایک مضبوط اور مستحکم ریاست کی بنیاد ہے جبکہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد، باہمی ہم آہنگی اور اجتماعی کاوشیں ناگزیر ہیں۔


