دینہ: پولیس نے جرائم پیشہ عناصر اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف جاری کارروائیوں کے سلسلے میں ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے ناجائز اسلحہ کے زور پر شہری کا راستہ روکنے، لڑائی جھگڑا کرنے اور تشدد میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں ایس ایچ او تھانہ منگلا کینٹ نے اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے ناجائز اسلحہ کے زور پر ایک شہری کا راستہ روکا اور اس پر تشدد کرتے ہوئے لڑائی جھگڑے میں ملوث رہے۔
پولیس کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک عدد رائفل 8 ایم ایم، ایک عدد پسٹل 30 بور معہ ایمونیشن اور واردات میں استعمال ہونے والا ہنڈا 70 موٹر سائیکل بھی برآمد کر لیا گیا۔ برآمد شدہ اسلحہ اور موٹر سائیکل کو قبضہ پولیس میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔ تفتیش کے دوران ملزمان کے ممکنہ جرائم اور دیگر سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا اور انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر، ناجائز اسلحہ رکھنے والوں اور امن و امان میں خلل ڈالنے والے افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کے قیام کے لیے جہلم پولیس ہر ممکن اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔
ڈی پی او جہلم نے مزید کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے، شہریوں کو ہراساں کرنے اور ناجائز اسلحہ کے استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔


