جہلم: پنجاب ہائی وے پولیس (PHP) راولپنڈی ریجن نے ماہ جولائی 2026 کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق شاہرات پر امن و امان کے قیام، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور عوامی خدمت کے حوالے سے مختلف اقدامات کیے گئے۔
ترجمان پنجاب ہائی وے پولیس راولپنڈی ریجن کے مطابق جولائی 2026 کے دوران ریجن بھر میں مجموعی طور پر 105 مقدمات درج کیے گئے، جن میں تعزیراتِ پاکستان، اسلحہ آرڈیننس، منشیات ایکٹ اور دیگر خصوصی قوانین کے تحت کارروائیاں شامل ہیں۔ ان مقدمات میں 105 ملزمان کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اشتہاری اور عدالتی مفرور ملزمان کے خلاف بھی خصوصی کریک ڈاؤن جاری رہا۔ اس دوران 2 کیٹیگری اے اور 31 کیٹیگری بی کے اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 37 عدالتی مفرور ملزمان بھی قانون کی گرفت میں لائے گئے۔
پنجاب ہائی وے پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھی سخت کارروائیاں کیں۔ جولائی کے دوران مجموعی طور پر 26 ہزار 421 چالان کیے گئے۔ ان میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے 1 ہزار 626 افراد جبکہ کم عمر ڈرائیونگ کرنے والے 1500 سے زائد افراد کے خلاف کارروائی شامل ہے۔
ترجمان کے مطابق ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کا بنیادی مقصد شاہرات پر حادثات کی روک تھام، ٹریفک نظام میں بہتری اور انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
عوامی خدمت کے سلسلے میں پنجاب ہائی وے پولیس راولپنڈی ریجن نے مختلف شاہرات پر مشکلات کا شکار 306 شہریوں کو بروقت امداد فراہم کی۔ امدادی کارروائیوں میں گاڑیوں کی خرابی، طبی ہنگامی صورتحال، سفری مشکلات اور دیگر حالات میں شہریوں کی معاونت شامل رہی۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب ہائی وے پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 4 گمشدہ بچوں کو بازیاب کروا کر بحفاظت ان کے والدین کے حوالے بھی کیا، جس پر متاثرہ خاندانوں نے پولیس اہلکاروں کی کاوشوں کو سراہا۔
ترجمان پنجاب ہائی وے پولیس راولپنڈی ریجن کا کہنا ہے کہ شاہرات کی سیکیورٹی، قانون کی بالادستی، جرائم کے خاتمے اور عوامی خدمت کے لیے پنجاب ہائی وے پٹرول راولپنڈی ریجن کے اہلکار 24 گھنٹے پیشہ ورانہ انداز میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور محفوظ سفر کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جبکہ جرائم پیشہ عناصر اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔


