دینہ پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 22 کے قریب افراد کو حراست میں لے لیا، جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔ گرفتار شدگان کو ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ہولڈنگ کیمپ جہلم منتقل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم کی خصوصی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ دینہ ملک سرمد نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ دینہ کے علاقے ٹھیکریاں میں مختلف مقامات پر کارروائی کی۔ دورانِ کارروائی غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو شناخت اور دستاویزات کی جانچ کے بعد حراست میں لیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق جن افغان باشندوں کو حراست میں لیا گیا ہے ان کے پاس قیامِ پاکستان کے لیے قانونی دستاویزات موجود نہیں تھیں۔ واضح رہے کہ پی او آر کارڈز کی مدت ختم ہو چکی ہے، جس کے بعد پاکستان میں افغان شہریوں کا قیام غیر قانونی قرار دیا جا چکا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی، اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس ضمن میں مکمل مستعدی سے فرائض سر انجام دے رہے ہیں تاکہ ملک میں قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جا سکے۔


