جہلم میں کینٹ چوک کے قریب چلتی ٹویوٹا وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، گاڑی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کینٹ چوک (چھاؤنی چوک) کے قریب چلتی ٹویوٹا وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور گاڑی میں موجود تمام افراد محفوظ رہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق کنٹرول روم کو چھاؤنی چوک جہلم کے قریب ٹویوٹا وین میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر فوری طور پر ایک ایمبولینس اور فائر وہیکل جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دی گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی شروع کی۔
ریسکیو 1122 کی دو فائر وہیکل گاڑیوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر مکمل قابو پا لیا، تاہم آگ کی شدت کے باعث وین مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق گاڑی میں موجود تمام افراد محفوظ رہے اور واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ابتدائی طور پر گاڑی کی الیکٹرک وائرنگ میں شارٹ سرکٹ کو آگ لگنے کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔


